کل جماعتی حریت کانفرنس نے بھارت کے غیرقانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں اختلاف رائے رکھنے والی آوازوں کو دبانے کے لیے ظالمانہ قوانین اورعدلیہ کو بطور ہتھیار استعمال کرنے پر بی جے پی کی بھارتی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق حریت کانفرنس کے ترجمان عبدالرشید منہاس نے سری نگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ غیرقانونی طور پر زیرحراست حریت قیادت سمیت کشمیری قیدیوں کو مقدمات کی منصفانہ سماعت سے محروم کرنا بھارتی عدلیہ کی غیر جانب داری پر سنگین سوالات اٹھاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی پولیس اور خفیہ ادارے اقوام متحدہ کی جانب سے کشمیری عوام کو دیے گئے حق خود ارادیت کے لیے ان کی مسلسل جدوجہد کو دبانے میں ناکام ہونے کے بعد مقبوضہ علاقے میں گھروں پر چھاپوں، ہراساں کرنے اور نوجوانوں کو جھوٹے مقدمات میں گرفتار کرنے سمیت اوچھے ہتھکنڈے اختیار کر رہے ہیں۔
حریت کانفرنس کے ترجمان نے کشمیری عوام سے اپیل کی کہ وہ بھارتی بی جے پی اور آر ایس ایس کی سازشوں پر توجہ نہ دیں جن کا مقصد کشمیری عوام، ان کے خیرخواہوں اور حریت قیادت کے درمیان خلیج پیدا کرنا ہے۔