Friday, 17 July 2026, 06:27:02 pm
 
وزیراعظم کی کاروبار میں آسانی کیلئے پالیسی اقدامات میں تیزی لانے کی ہدایت
July 17, 2026

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کاروبار میں آسانی کیلئے حکومت کے پالیسی اقدامات اور آسان کاروبار ایکٹ 2025ء کے نفاذ میں تیزی لانے کی ہدایت کی ہے۔

وہ کاروبار میں آسانی کیلئے اقدامات پر اسلام آباد میں منعقدہ جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔

وزیراعظم نے مزید ہدایت کی کہ کاروبار میں آسانی کے اقدامات کی افادیت اور نفاذ کی جانچ کیلئے بین الاقوامی اداروں سے تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن یقینی بنائی جائے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مقامی اور بیرونی سرمایہ کاری کی وسیع استعداد سے بھرپور فائدہ اٹھانا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

شہباز شریف نے کاروبار میں آسانی کیلئے پالیسی اقدامات کے نفاذ پر ایک جامع رپورٹ مرتب کرکے جلد پیش کرنے کی بھی ہدایت کی۔

انہوں نے کاروبار میں آسانی کیلئے قانون و پالیسی سازی پر وزرات قانون و انصاف، خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل، سرمایہ کاری بورڈ، وزارت کامرس، وزارت صنعت اور تمام متعلقہ اداروں کی کاوشوں کو لائق تحسین قرار دیا۔

اس موقع پر اجلاس کو بتایا گیا کہ ملک میں کاروبار میں آسانی کیلئے مختلف ضوابط اور کاغذی کارروائیوں و منظوریوں کو کم کرنے کے حوالے سے 558 اصلاحات پر کام مکمل ہوچکا ہے۔ ان میں سے 71 پالیسی اقدامات نافذ کئے جاچکے ہیں، جبکہ 272 اقدامات کے نفاذ پر کام تیزی سے جاری ہے۔ یہ اصلاحات مختلف شعبوں میں 7 مراحل میں نافذ کی جارہی ہیں۔ ان اقدامات کی بدولت کاروباری برادری کو مختلف ضابطوں اور شرائط پر خرچ ہونے والی بچت کی رقم کا تخمینہ 468.7 ارب روپے ہے۔

اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ غیر ضروری اور پیچیدہ کاغذی کارروائی اور ضوابط کے خاتمے سے برآمدات میں اضافہ، براہ راست بیرونی سرمایہ کاری میں اضافہ اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونگے۔