علماء کرام اور مشائخ نے ملک میں امن، مذہبی ہم آہنگی، سماجی استحکام اور قومی سلامتی کیلئے ریاست کے مثبت اقدامات کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔
اس عزم کا اظہار آج اسلام آباد میں وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف کی زیر صدارت منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کے دوران کیا گیا۔
علماء و مشائخ نے افواج کی پاکستان میں امن، استحکام اور قومی وحدت کی کوششوں کا اعتراف کیا۔
انہوں نے آئین کی بالادستی اور ریاستی اداروں کے استحکام کے عزم کا اظہار کیا۔
انہوں نے دہشت گردی، انتہاء پسندی اور تخریبی سرگرمیوں کے خلاف حکومت اور سیکیورٹی فورسز سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔
مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے علماء و مشائخ نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم شہدا اور غازیوں کی عظیم قربانیوں کی مقروض ہے۔
انہوں نے تمام مکاتب فکر کے علماء سے قومی یکجہتی اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کی اپیل کی۔