وزیراعظم یوتھ پروگرام نے اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مشن کے اشتراک سے نیویارک میں پاکستانی مشن میں منعقدہ "کنکشن ٹو کنٹری بیوشن: پاکستانی یوتھ ڈائسپورا کنیکٹ" کے عنوان سے منعقدہ تقریب میں پیووٹ (PIVOT) پروگرام کا آغاز کیا ہے۔
اس پروگرام کا مقصد دنیا بھر میں مقیم پاکستانی نوجوانوں کو پاکستان کے نوجوانوں کے ساتھ رہنمائی، علم و تجربے کے تبادلے، پیشہ ورانہ روابط، جدت اور تعلیم، کاروباری مواقع اور ہنر مندی کے شعبوں میں باقاعدہ اشتراک کے ذریعے جوڑنے کیلئے ایک منظم پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے۔
تقریب میں امریکہ بھر سے تعلق رکھنے والے پاکستانی نوجوان پیشہ ور افراد، کاروباری شخصیات، محققین، طلبہ اور کمیونٹی رہنمائوں نے شرکت کی اور پیووٹ پلیٹ فارم کے ذریعے پاکستان کے نوجوانوں کی رہنمائی، تعاون اور علم کے تبادلے میں بھرپور دلچسپی کا اظہار کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ پیووٹ کا آغاز درحقیقت پاکستان اور بیرونِ ملک مقیم پاکستانی نوجوانوں کے درمیان تعلق کے ایک نئے باب کا آغاز ہے، جن کی زندگیاں اگرچہ مختلف ممالک، تہذیبوں اور مواقع سے وابستہ ہیں، لیکن جن کے دل آج بھی پاکستان کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب، سفیر عاصم افتخار احمد نے کہا کہ پاکستان کے نوجوان اور عالمی سطح پر مقیم پاکستانی نوجوان علم، جدت، تجربے اور صلاحیتوں کا ایک بے مثال سرمایہ ہیں۔ ان کے درمیان مضبوط روابط نہ صرف رہنمائی، کاروباری مواقع اور سیکھنے کے نئے امکانات پیدا کریں گے، بلکہ قومی ترقی کو بھی نئی رفتار دیں گے۔