پاکستان اور چین نے تجارت، سرمایہ کاری، سائنس و ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل معیشت اور مصنوعی ذہانت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔
یہ اتفاقِ رائے شنگھائی میں نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار اور چینی وزیر خارجہ وانگ ژی کے درمیان ملاقات میں ہوا۔
دونوں رہنمائوں نے پاک۔ چین دوطرفہ تعلقات کے وسیع تر دائرہ کار کا جائزہ لیا۔ انہوں نے دوطرفہ شراکت داری کی مسلسل مضبوطی اور مستحکم ترقی پر اطمینان کا اظہار کیا۔
فریقین نے چین پاکستان اقتصادی راہداری کے دوسرے مرحلے کے تحت اعلی معیار کی ترقی کو آگے بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے پاک۔ چین سدابہار سٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری مزید مستحکم کرنے کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔
دونوں رہنمائوں نے تازہ ترین علاقائی اور عالمی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
دونوں ممالک نے باہمی دلچسپی کے امور پر قریبی ہم آہنگی برقرار رکھنے اور مشاورت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
دونوں رہنمائوں نے کثیر جہتی فورمز پر بھی تعاون جاری رکھنے کے عزم کو دہرایا۔