Thursday, 17 September 2026, 02:23:25 pm
 
افغانستان سے کارروائیاں کرنے والے افراد پاکستان کے اندر دہشت گردی کی معاونت میں ملوث ہیں، طلال
September 16, 2026

فائل فوٹو

امور داخلہ کے وزیرِ مملکت طلال چودھری نے کہا ہے کہ افغانستان سے کارروائیاں کرنے والے افراد پاکستان کے اندر دہشت گردی کی معاونت میں ملوث ہیں۔

آج اسلام آباد میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحقیقات میں دہشت گردوں اور جرائم کے ایسے نیٹ ورک کا انکشاف ہوا ہے جو اسلحے اور گاڑیوں کی اسمگلنگ، پٹرولیم مصنوعات کی غیر قانونی تجارت، منشیات کی اسمگلنگ اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہے۔

آزاد جموں و کشمیر میں ہونے والے واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر مملکت نے کہا کہ خفیہ اداروں کی جانب سے حالیہ مہینوں میں بعض افراد اور گروہوں کی سرگرمیوں کے بارے میں معلومات حاصل ہونے کے بعد ان کے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔

طلال چودھری نے دہشت گردی کے خلاف قوانین مزید مؤثر بنانے، دہشت گردی سے متعلق مقدمات سے نمٹنے کے لیے عدالتوں میں فوری سماعت اور قانونی طریقہ کار بہتر بنانے پر زور دیا۔

وزیر مملکت نے کہا کہ دہشت گردی کے نیٹ ورکس کو ان کی سرگرمیاں جاری رکھنے سے روکنے اور ملک میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے استغاثہ اور سزاؤں کا مؤثر نظام ناگزیر ہے۔