اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب، سفیر عاصم افتخار احمد نے کہا ہے کہ دہشت گردی افغانستان کے مسائل کی بنیادی وجہ رہی ہے۔
افغانستان کی صورتحال پر سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے طالبان اور دہشت گرد گروہوں کے درمیان گٹھ جوڑ کی نشاندہی کی۔ انہوں نے کہا کہ صرف گزشتہ 3 سال کے دوران افغانستان سے جنم لینے والی دہشت گردی کے نتیجے میں 4,700 سے زائد بے گناہ پاکستانی اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔
سفیر نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کی اس یلغار کے سامنے خاموش تماشائی نہیں بن سکتا۔ انہوں نے کہا کہ جب اور جہاں ضرورت پیش آئے گی، پاکستان بین الاقوامی قانون کے مطابق اپنے دفاع میں جواب دے گا۔ انہوں نے کہا کہ جو بھی ہمارے شہریوں اور ہماری قومی سلامتی کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرے گا، ہم اس کے خلاف اپنا دفاع کریں گے۔