Thursday, 18 June 2026, 11:57:08 pm
 
افغانستان میں دہشتگرد تنظیموں کی موجودگی،علاقائی اوربین الاقوامی امن کیلئے سنگین خطرہ قرار
June 16, 2026

افغانستان میں دہشتگرد تنظیموں کی موجودگی کو علاقائی اور عالمی امن کے لیے ایک سنگین خطرہ قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ مختلف عالمی طاقتیں اس صورتحال پر مسلسل تشویش کا اظہار کر رہی ہیں۔

یورپی یونین کے خصوصی نمائندہ برائے افغانستان جِل برٹران نے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ یہ حقیقت کسی سے پوشیدہ نہیں کہ افغانستان میں فتنہ الخوارج سمیت متعدد عالمی دہشتگرد گروہ سرگرم ہیں، جو خطے کے استحکام کے لیے خطرہ بنے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایسے حالات میں جب پاکستان کو دہشتگردی کے شدید چیلنجز کا سامنا ہے، وہ خاموش نہیں رہ سکتا اور اپنے دفاع کا حق رکھتا ہے۔

جِل برٹران کے مطابق یورپی یونین داعشِ خراسان کو افغانستان سے ابھرنے والا ایک بڑا عالمی دہشتگرد خطرہ تصور کرتی ہے، جو نہ صرف خطے بلکہ بین الاقوامی سلامتی کے لیے بھی خطرہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ افغانستان میں دہشتگرد گروہوں کی موجودگی پر روس، چین، امریکہ اور یورپی یونین سمیت متعدد عالمی قوتیں پہلے ہی اپنے خدشات کا اظہار کر چکی ہیں۔

ماہرین کے مطابق افغانستان کی سرزمین سے جنم لینے والی دہشتگردی کے اثرات خطے کے امن و استحکام پر براہ راست پڑ رہے ہیں، جس کے باعث عالمی سطح پر مربوط اقدامات کی ضرورت پر زور دیا جا رہا ہے۔