کالعدم ایکشن کمیٹی کے مسلح جتھوں نے راولاکوٹ اور گردونواح کے عوام کی زندگی اجیرن کر دی ہے۔
پونچھ ڈویژن، راولاکوٹ انتظامیہ کے ترجمان کے مطابق کالعدم ایکشن کمیٹی کے مسلح افراد نے راولاکوٹ اور گردونواح کے بازاروں کی تمام سڑکوں پر ناکے لگا کرغذائی قلت پیدا کر رکھی ہے۔ انتشاری کمیٹی نے تمام سڑکوں پر درخت کاٹ کر اور پتھر پھینک کر سڑکیں بند کر رکھی ہیں۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ ڈرائیورز اشیاء خوردونوش کی نقل و حمل سے ڈرتے ہیں کیونکہ انتشاری کمیٹی کے شرپسند ان کے ساتھ تحقیر آمیز سلوک کرتے ہیں۔
راولاکوٹ انتظامیہ کے مطابق آج قانون نافذ کرنے والے اداروں نے باغـراولاکوٹ روٹ کھلوانے کیلئے سڑکوں سے درخت اور ملبہ ہٹانے کا آغاز کیا، جس کے بعد باغـراولاکوٹ روٹ کلیئر کروا دیا گیا ہے۔ دیگر روٹس بھی کلیئر کروائے جائیں گے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ تاجر اور ٹرانسپورٹرز کوہالہ کے راستے اشیاء خوردونوش لا سکتے ہیں۔
انتظامیہ نے کہا ہے کہ ویڈیوز سے شرپسندوں کی شناخت جاری ہے اور ان کی معاونت کرنے والوں کے خلاف ہر سطح پر کارروائی کی جا رہی ہے۔
قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بلیک میلنگ، جتھہ بندی، اسلحہ برداری اور راستوں کی بندش کے خلاف مؤثر کارروائی کا آغاز کیا ہے۔