آزاد جموں و کشمیر کے علاقے وادی لیپہ میں شہریوں نے کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کی ہڑتال کی کال کو مسترد کرتے ہوئے پاکستان اور پاک فوج سے بھرپور اظہارِ یکجہتی کیا ہے۔
شہریوں نے واضح کیا کہ وہ امن و امان کو نقصان پہنچانے کی کسی بھی سازش یا انتشاری سرگرمی کا حصہ نہیں بنیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنے آبائو اجداد کے نظریے پر قائم ہیں اور پاکستان و پاک فوج کے خلاف کسی بھی منفی تحریک کی حمایت نہیں کریں گے۔
شہریوں کے مطابق ہڑتال کی کال کو عوامی پذیرائی نہ ملنے کے باعث بازار، کاروباری مراکز اور ٹریفک معمول کے مطابق جاری رہے۔
مقامی افراد کا کہنا تھا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں قابض بھارتی افواج کشمیریوں پر مظالم ڈھا رہی ہیں، جبکہ آزاد کشمیر میں پاک فوج عوام کے تحفظ اور دفاع کی ذمہ داری موثر انداز میں انجام دے رہی ہے۔
شہریوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ان کا نظریہ "پاکستان ہے تو ہم ہیں اور پاکستان ہمارا ہے" ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج ملکی سلامتی اور دفاع کی ضامن ہے، جبکہ کشمیری تکمیلِ پاکستان کی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ ماضی کی طرح آئندہ بھی پاکستان اور مسلح افواج کے خلاف کسی بھی تحریک کا حصہ نہیں بنیں گے۔ شہریوں کا یہ بھی کہنا تھا کہ کالعدم کمیٹی کے احتجاج اور ہڑتالوں سے مقامی تاجروں اور عوام کو شدید معاشی نقصان اٹھانا پڑتا ہے۔