Thursday, 12 November 2026, 06:26:53 pm
 
اجتماعی کوششوں سے 2035 تک عالمی بجلی فراہمی کا ہدف حاصل کیا جا سکتا ہے، وزیراعظم
November 11, 2026

وزیراعظم شہباز شریف نے 2035 تک دنیا بھر میں بجلی کی فراہمی کے عالمی عزم (35 بائی 35 گلوبل الیکٹریفکیشن پلیج) کے حصول کے لیے پاکستان کی مکمل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے اعتماد ظاہر کیا ہے کہ اجتماعی کوششوں کے ذریعے یہ ہدف حاصل کیا جا سکتا ہے۔

وہ ترکیہ کے شہر انطالیہ میں 2035 تک صاف توانائی کی جانب منتقلی: مستقبل کو توانائی فراہم کرنا کے عنوان سے اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے گزشتہ دو برسوں کے دوران توانائی کے شعبے میں غیر معمولی تبدیلی کی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے صرف دو سال میں گھروں کی چھتوں پر تقریباً 22 گیگاواٹ شمسی توانائی کی پیداواری صلاحیت حاصل کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز انہوں نے پاکستان کے ساتویں جوہری بجلی گھر کے ایک اہم حصے کا افتتاح کیا۔ یہ جدید ترین منصوبہ قومی گرڈ میں 1200 میگاواٹ صاف بجلی شامل کرے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ ٹرانسپورٹ کے شعبے میں بھی تبدیلی کا عمل جاری ہے اور حکومت کی حال ہی میں متعارف کرائی گئی آٹو پالیسی کے تحت 2030 تک نئی گاڑیوں میں سے 30 فیصد برقی گاڑیاں ہونے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔