بلوچستان کے علاقے ساران تنگی میں جاری 'آپریشن شعبان' کے دوران مزید چار دہشت گردوں کوہلاک کر دیا گیا جس کے بعد اس آپریشن میں ہلاک دہشت گردوں کی مجموعی تعداد اکہتر ہوگئی ہے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق، پاک فوج، ایف سی بلوچستان اور پولیس کی جانب سے مشترکہ طور پر شروع کیا گیا 'آپریشن شعبان' صوبے بھر میں جاری ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ گزشتہ اتوار سے اب تک 'آپریشن شعبان' اور خفیہ اطلاعات پر مبنی دوسری کارروائیوں میں مجموعی طور پر ایک سو نو خوارج دہشت گرد ہلاک ہوچکے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ مارے گئے دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود کا بھاری ذخیرہ برآمد کیا گیا۔
برآمد شدہ ہتھیاروں میں ایم فور رائفلیں، سب مشین گنز، راکٹ لانچرز، موبائل فونز اور دیگر سازوسامان شامل ہے۔
سکیورٹی ذرائع نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان میں 'آپریشن شعبان' اس وقت تک جاری رہے گا جب تک آخری دہشت گرد کا خاتمہ نہیں ہو جاتا۔