پاکستان اور متحدہ عرب امارات نے باہمی مفاد پرمبنی دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کے امکانات تلاش کرنے پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
یہ اتفا ق رائے وزیراعظم محمد شہبازشریف اورمتحدہ عر ب امارات کے صدر اور ابوظہبی کے حکمران شیخ محمد بن زاید النہیان کے درمیان آج (منگل کو)ابوظہبی میں ملاقات کے دوران ہوا ۔
بری فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر بھی اس موقع پر موجود تھے۔
ملاقات میں فریقین نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے طریقوں پرتبادلہ خیال کیا ۔
بات چیت میں پائیدار اقتصادی ترقی اور خوشحالی کیلئے دونوں ملکوں کے وژن کے مطابق معیشت ، تجارت اور ترقیاتی شعبوں سمیت دیگر شعبوں پرتوجہ مرکوز کی گئی ۔
دونوں فریقوں میں باہمی دلچسپی کے کئی علاقائی اور عالمی امور سمیت مشرق وسطی میں حالیہ پیشرفت پر بھی تبادلہ خیال کیاگیا۔
انہوں نے دو ریاستی حل پرمبنی علاقائی سلامتی، استحکام اورامن برقراررکھنے کیلئے فلسطین میں جامع اور دیرپا امن کیلئے عالمی کوششیں تیز کرنے کی ضرورت پرزوردیا ہے۔