وزیر اعظم محمد شہباز شریف دبئی میں عالمی حکومتوں کے سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے آج (پیر) سے متحدہ عرب امارات کا دو روزہ سرکاری دورہ کریں گے۔وہ یہ دورہ متحدہ عرب امارات کے نائب صدر اوروزیراعظم شیخ محمدبن راشد المکتوم کی دعوت پرکررہے ہیں۔سربراہی اجلاس میں مختلف ممالک کے سربراہان ،عالمی پالیسی ساز اورنجی شعبے کی نمایاں شخصیات شرکت کریںگی تاکہ حکمرانی، جدت اوربین الاقوامی تعاون کے مستقبل پر تبادلہ خیال کیاجاسکے۔وزیراعظم کے ہمراہ ایک اعلیٰ سطح کا وفد بھی ہوگا جس میں نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار اور کابینہ کے دیگر اہم ارکان بھی شامل ہونگے جو متحدہ عرب امارات اور دیگر عالمی شراکت داروں کے ساتھ اپنے تعلقات کووسعت دینے کیلئے پاکستان کے مضبوط عزم کی عکاسی کرتا ہے ۔ وزیراعظم اپنے دورے کے دوران سربراہی اجلاس میںکلیدی خطاب کریںگے جس میں جامع معاشی ترقی ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن اور نظم و نسق سے متعلق اصلاحات کے بارے میں پاکستان کے ویژن کو اجاگر کریں گے۔وہ متحدہ عرب امارات کی قیادت سے دوطرفہ ملاقاتیں کرینگے اوراجلاس میں شریک مختلف ممالک کے سربراہوں اوربڑی بین الاقوامی کمپنیوں کے اعلیٰ عہدیداروں سے بھی تبادلہ خیال کرینگے۔