Saturday, 10 May 2025, 03:34:20 am
 
بھارتی فوج کنٹرول لائن پر بیگناہ شہریوں کو نشانہ بنا رہی ہے،ڈی جی آئی ایس پی آر
May 09, 2025

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ کنٹرول لائن پربھارتی فوج بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنارہی ہے جبکہ پاک فوج جوابی کارروائی میں بھارتی فوجی اہداف پرحملے کررہی ہے ۔

ترکیہ کے ٹی وی چینل ٹی آر ٹی ورلڈ کو انٹرویو دیتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہاکہ بھارت کی جانب سے کنٹرول لائن پرتوپ خانے اور دیگر بڑے ہتھیاروں کا استعمال کیاجارہا ہے اورشہری آبادی کو نشانہ بنایا جارہاہے۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ پاکستان اپنے دفاع میں بھارتی چوکیوں کونشانہ بنارہا ہے ۔

انہوں نے اس من گھڑت پراپیگنڈے کو مسترد کردیا کہ پاکستان نے گزشتہ شب مقبوضہ جموں وکشمیر میں ڈرونز اور راکٹوں سے حملہ کیا ۔

فوج کے ترجمان نے کہاکہ دہشت گردی کے واقعات کو بنیاد بنا کر سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کرنے کی بھارتی چالوں کا سدباب کرنا ہوگا  ۔