دفترخارجہ کے ترجمان شفقت علی خان نے آج اسلام آباد میں صحافیوں کو ہفتہ وار بریفنگ کے دوران کہا بھارت اس ماہ کی سات تاریخ سے پاکستان کی خودمختاری کی خلاف ورزی کررہا ہے جو قابل مذمت ہے۔
پاکستان کے خلاف بھارت کے فضائی حملوں سے علاقائی امن وسلامتی دائو پر لگ گئے ہیں۔
ترجمان نے کہاکہ پاکستان واضح طورپر ان غیر قانونی اقدامات کی مذمت کرتا ہے بھارتی کارروائیوں اقوام متحدہ کے منشور اور بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی اور بین الاریاستی تعلقات کی اقدار کے منافی ہیں۔
شفقت علی خان نے کہا بھارتی جنگ جوئی اور جنگی ہیجان دنیا کیلئے انتہائی قابل تشویش ہوناچاہیے ۔
انہوں نے کہاکہ جنوبی ایشیا میں دنیا کی آبادی کا پانچواں حصہ مقیم ہے اور بھارت کے غیرذمہ دارانہ اقدامات سے انھیں نقصان پہنچ سکتا ہے۔
ترجمان نے کہاکہ پہلگام حملے کے بعدبھارتی قیادت نے مظلومیت کے نام نہاد اور پرتشدد بیانیے کو آگے بڑھانے کیلئے ایک بار پھر دہشت گردی کے ہتھیار کو استعمال کیا جس سے علاقائی امن شدید خطرے سے دو چار ہوگیا ہے۔
ترجمان نے ایک بار پھر پہلگام حملے کو پاکستان کے ساتھ جوڑنے کی کوششوں کومسترد کردیا۔
انہوں نے کہاگزشتہ دو ہفتے سے کئی ممالک صبروتحمل کامظاہرہ کرنے پر زوردے رہے ہیں اور اقوام متحدہ اور اسلامی تعاون تنظیم جیسے عالمی اداروں نے بھی یہی مشورہ دیا ہے ۔
انہوں نے کہا بھارت کی جانب سے ان مطالبات اور اپیلوں پرتوجہ نہ دینا انتہائی شرمناک اورتشویش ناک ہے ۔
ترجمان نے عالمی برادری پر زوردیا کہ وہ بھارت کے غیر ذمہ دارانہ ، غیرقانونی ، مخاصمانہ اور ہٹ دھرمی پرمبنی طرز عمل پر اس کا سخت احتساب کرے۔