Saturday, 10 May 2025, 03:19:38 am
 
آئندہ بجٹ میں عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے،وزیراعظم
May 09, 2025

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آئندہ بجٹ میں عام آدمی کو ریلیف دینا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے جمعہ کے روز اسلام آباد میں آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ کی تیاری سے متعلق ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ غریب اور متوسط طبقے کی مالی مشکلات میں کمی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے ۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ وفاقی بجٹ کی تیاری میں برآمدات پر مبنی پائیدار ترقی پر توجہ دی جائے۔

انہوں نے صنعتوں کے فروغ اور پیداوار میں اضافے کیلئے منصوبوں پر کام کرنے کی ضرورت پرزور د یا۔

شہباز شریف نے کہا کہ نوجوانوں کو پیشہ ورانہ تربیت دے کر عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا حکومت کی ترجیح ہے۔

انہوں نے وفاقی بجٹ کی تیاری کے دوران نئی ملازمتوں کے مواقع پیدا کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے۔

انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وفاقی بجٹ میں زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی ، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار اور ہائوسنگ کے شعبوں پر بھرپور توجہ دی جائے، کیونکہ ان تمام شعبوں میں بڑی استعداد موجود ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ سرکاری اور نجی شعبے کی شراکت داری کے تحت منصوبوں کا فروغ اگلے بجٹ میں حکومت کی ترجیح ہو گی۔

بجلی کے شعبے میں اصلاحات سے متعلق انہوں نے کہاکہ ان اصلاحات کے مثبت نتائج آرہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ نظم ونسق میں شفافیت بڑھانے اور تاجروں اور سرمایہ کاروں کی سہولت کیلئے نظام کو خود کار بنانے اوراس کی ڈیجیٹائزیشن کو فروغ دیا جارہا ہے۔

اجلاس کو بتایاگیا کہ بجٹ کی تیاری کے بارے میں نجی شعبے سے گزشتہ تین ماہ سے مشاورت کی جارہی ہے ۔