صدر آصف علی زرداری نے عبدالستار ایدھی کو خدمت، ہمدردی اور انسانیت کا اعلیٰ ترین نمونہ قرار دیتے ہوئے خراجِ تحسین پیش کیا ہے جن کا ورثہ آئندہ نسلوں کیلئے مشعلِ راہ ہے۔
صدر نے عظیم فلاحی رہنماء کی دسویں برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ انہوں نے ایدھی فاؤنڈیشن کے ذریعے سماجی خدمات کا ایک وسیع نظام قائم کیا جس میں دنیا کی سب سے بڑی رضا کارانہ ایمبولینس سروس بھی شامل ہے جو مشکل وقت میں لوگوں کیلئے ایک بڑا سہارا ثابت ہوئی۔
صدر نے کہا کہ عبدالستار ایدھی نہ صرف ایک عظیم انسان دوست شخصیت تھے بلکہ قومی وقار کی ایک لازوال علامت بھی تھے۔
ایک بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ عبدالستار ایدھی جیسی انسان دوست اور خدمت خلق کی داعی شخصیت بلا شبہ قوم کے لیے باعث فخر اور قومی اثاثہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ انکی گراں قدر قومی و فلاحی خدمات پر انکو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں اور رفاہ عامہ کے پر خلوص جذبہ سے سر شار عبدالستار ایدھی نے مسائل کے حل کے سماجی پہلوؤں کو اجاگر کیا۔
وزیراعظم نے کہا انکی بیش قدر خدمات پاکستان کی سماجی تاریخ کا غیر معمولی حصہ ہیں اور عبدالستار ایدھی جیسی شخصیات نوجوان نسل کے لیئے قابل تقلید ہیں انہوں نے ثابت کیا کہ ہر شخص اپنے تئیں معاشرتی اصلاح میں تعمیری کردار ادا کرسکتا ہے۔
انہوں نے کہا عبدالستار ایدھی کی عوامی خدمات معاشرے میں احساس، رواداری، باہمی آہنگی جیسی مثبت اقدار کے فروغ میں نمایاں حیثیت رکھتی ہیں اور عبدالستار ایدھی کی بلندی درجات کے لئے دعا گو ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ ان کی سماجی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔