پاکستان براڈکاسٹنگ کارپوریشن (ریڈیو پاکستان) کے ڈائریکٹر جنرل سعید احمد شیخ نے آج خیرپور کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ہائی پاور ٹرانسمیٹر کے مقام پر جاری تعمیراتی کام اور براڈ کاسٹنگ ہاؤس کا معائنہ کیا۔ ریڈیو پاکستان خیرپور میں آئندہ دو ماہ کے دوران سو کلوواٹ ڈیجیٹل میڈیم ویو ٹرانسمیٹر اور اس سے متعلقہ جدید آلات نصب کیے جائیں گے۔
اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل نے منصوبے پر جاری کام کا جائزہ لیا اور پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل ٹرانسمیٹر جلد خیرپور میں نصب کر دیا جائیگا۔ انہوں نے بتایا کہ ٹرانسمیٹر کی تنصیب کے لیے درکار تمام بنیادی ڈھانچہ پہلے ہی مکمل کیا جا چکا ہے، لہٰذا تنصیب کے بعد آزمائشی نشریات کا آغاز کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس جدید ٹرانسمیٹر کی نشریات تقریباً تین سو کلومیٹر کے دائرے تک سنی جا سکیں گی۔
مقامی صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سعید احمد شیخ نے کہا کہ یہ منصوبہ ریڈیو پاکستان کے ڈیجیٹل دور کے آغاز کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ادارہ مرحلہ وار اپنے پرانے اینالاگ میڈیم ویو ٹرانسمیٹروں کو جدید ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سے تبدیل کر رہا ہے، جس سے نشریات کے معیار، آواز کی شفافیت اور عوام تک رسائی میں نمایاں بہتری آئے گی۔
انہوں نے بتایا کہ کوئٹہ کے لیے سو کلوواٹ ڈیجیٹل میڈیم ویو ٹرانسمیٹر کی خریداری مکمل ہو چکی ہے اور اس وقت اس کی تیاری کا عمل جاری ہے۔ توقع ہے کہ یہ رواں سال کے اختتام تک پاکستان پہنچ جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگلے مرحلے میں خضدار، گلگت اور سکردو میں بھی جدید ڈیجیٹل ٹرانسمیٹر نصب کیے جائیں گے، جس سے ملک بھر میں ریڈیو پاکستان کے نشریاتی نظام کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔
ڈائریکٹر جنرل نے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ کا پاکستان براڈکاسٹنگ کارپوریشن کی جدید خطوط پر استواری اور نشریاتی نظام کی ترقی کے لیے مسلسل تعاون پر شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ ریڈیو پاکستان کو جدید، مؤثر اور ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ قومی عوامی نشریاتی ادارہ بنانے کے لیے اصلاحات کا عمل جاری رکھا جائے گا۔