Monday, 20 May 2024, 03:45:11 am
پیر دستگیرصاحب کی خانقاہ کے قریب بھارتی فورسز کے ہاتھوں قتل عام کی 32ویں برسی
May 08, 2024

فائل فوٹو

غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں آج(بدھ) سرینگر کے پیر دستگیرصاحب کی خانقاہ کے قریب بھارتی فورسز کے ہاتھوں قتل عام کی 32ویں برسی منائی گئی۔

بھارتی پیرا ملٹری سینٹرل ریزرو پولیس فورس اور بارڈر سیکیورٹی فورس کے اہلکاروں نے1991میں آج ہی کے دن کچھ کشمیری شہدا کی تدفین کے لیے جمع ہونے والے ہزاروں سوگواروں پر بلا اشتعال فائرنگ کرکے ایک باپ اور اس کے شیر خوار بچے سمیت 18نہتے شہریوں کو شہید کردیا تھا۔

سرینگر کے علاقے خانیار میں پیر دستگیرصاحب کی خانقاہ کے قریب پیش آنے والا یہ واقعہ مقبوضہ علاقے میں بھارتی بربریت اور انسانی حقوق کی پامالیوں کا واضح ثبوت ہے۔

ادھر بھارتی فوجیوں نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے مختلف اضلاع میں بڑے پیمانے پر محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں جاری رکھیں۔

فورسز نے پونچھ، راجوری، ادھم پور، کٹھوعہ اور ڈوڈہ اضلاع میں آج مسلسل پانچویں دن بھی کارروائیاں کیں۔

دریں اثنا سرینگر میں پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر کی تصاویر والے پوسٹرچسپاں کئے گئے جن میں کشمیریوں کے حق خودارادیت کی حمایت پر انہیں سراہاگیا۔

سرینگر کے مختلف علاقوں میں چسپاں کیے گئے پوسٹروں میں عالمی برادری سے مطالبہ کیاگیا کہ وہ علاقے میں انصاف کو یقینی بنائے اور اقوام متحدہ کی قراردادوںمیں کشمیریوں سے کیے گئے وعدے پورے کرے۔

ادھراپنی تقاریر میں مسلمانوں کو نشانہ بنائے جانے پر بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے خلاف بھارت کی مختلف ریاستوں میں شدید غم و غصہ پایاجاتا ہے۔