File photo
بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارت کشمیریوں کو اجتماعی سزا دینے کی سرکاری پالیسی کے تحت ریاستی دہشت گردی کا استعمال کررہا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق پہلگام فالس فلیگ آپریشن کے بعد مقبوضہ وادی وحشیانہ ظلم وتشدد کی ایک تازہ لہر کی گرفت میں ہے۔ پہلگام واقعے کے بعد بھارتی فوج نے ڈھائی ہزارسے زائد کشمیریوں کو گرفتار کر لیا ہے اور چھتیس مکانات تباہ کردیے ہیں۔
مودی حکومت کشمیریوں کی تحریک آزادی کو دبانے کیلئے ریاستی تشدد کا ہر حربہ استعمال کررہی ہے اور جعلی مقابلے ، ماورائے عدالت ہلاکتیں، تلاشی اور محاصرے کی کارروائیاں اور چھاپے مقبوضہ وادی میں معمول بن گئے ہیں۔
گزشتہ ماہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی فوج نے نو کشمیریوں کو شہید کردیا اور اکتیس شہریوں کی املاک قبضے میں لے لیں۔
مقبوضہ علاقے میں بھارتی جرائم عالمی قوانین اور انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہیں اور عالمی برادری کو اب آگے آنا چاہیے اور مقبوضہ جموں وکشمیر بھارت کے انسانیت سوز جرائم پر اس کا کڑا احتساب کرنا چاہیے۔