وزیراعظم محمد شہبازشریف نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ پاکستان اسرائیلی مظالم اور جارحیت کا سامنا کرنے والے نہتے فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔
انہوں نے آج(پیر) فلسطینی عوام کی حمایت کیلئے یوم یکجہتی کے موقع پر ایک پیغام میں کہا کہ پاکستان فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کی حمایت اس وقت تک جاری رکھے گا جب تک ایسی آزاد فلسطینی ریاست قائم نہیں ہوجاتی جس کا دارالحکومت بیت المقدس ہو۔
وزیراعظم نے کہا کہ آج پوری قوم اپنے نہتے فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کی حمایت کیلئے یوم یکجہتی منا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم کی نئی لہر کا آغاز ہوئے ایک سال گزر چکا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ اسرائیل عالمی طاقتوں، بین الاقوامی اداروں، سلامتی کونسل کی قراردادوں اور عالمی عدالت انصاف کا تمسخر اڑا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ فلسطینیوں کو نہ صرف شدید بمباری بلکہ انہیں بھوک اور پیاس کا بھی سامنا ہے جبکہ غزہ کی صورتحال انتہائی خراب ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ اسرائیلی دہشتگردی گزشتہ سال سات اکتوبر کو شروع نہیں ہوئی بلکہ یہ پچھلی سات دہائیوں سے جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی ریاستی دہشتگردی اب غزہ اور فلسطین تک محدو د نہیں رہی بلکہ خطے کے دوسرے ملکوں تک بھی پھیل گئی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستانی عوام کے دل اپنے نہتے فلسطینی بھائیوں اوربہنوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔