صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہبازشریف نے عیدالفطر کے موقع پر اپنے پیغامات میں قوم پر زور دیا ہے کہ وہ خوشی کے اس موقع پر ان افراد کو بھی یاد رکھیں جنہیں معاشی مشکلات کا سامنا ہے۔
انہوں نے اپنے پیغامات میں لوگوں سے اپیل کی کہ وہ غریب اور مستحق افراد کو عیدالفطر کی خوشیوں میں شریک کریںاور ایک فلاحی معاشرے کی تشکیل میں اپنا کردار ادا کریں۔
انہوں نے پوری قوم اور امت مسلمہ کو عیدالفطر کے موقع پر دلی مبارکباد بھی دی ہے۔
صدر مملکت نے بھارت کے غیر قانونی زیرقبضہ جموں و کشمیر کے عوام کی آزادی اور امن کی فضا میں عید منانے کی بھی دعا کی۔
وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت دونوں اندرونی و بیرونی دشمنوں سے خطرات کا سامنا ہے۔
انہوں نے ہرقسم کی انتہاپسندی، نفرت اور فرقہ واریت سے گریز کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
ملکی سا لمیت اور استحکام کو یقینی بنانے کیلئے انہوں نے متحد اور چوکس رہنے کی ضرورت کو اجاگر کیا۔
شہبازشریف نے کہا کہ حکومت اقتصادی بحالی، امن و امان برقرار رکھنے اور سماجی استحکام یقینی بنانے کیلئے تمام ممکنہ کوششیں کررہی ہے۔
شہبازشریف نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ فلسطین اور بھارت کے غیرقانونی زیرقبضہ جموں وکشمیر کے اپنے مظلوم بھائیوں اور بہنوں کو یاد رکھیں جو آزادی کی جدوجہد میں مصروف ہیں۔
انہوں نے ان کے لئے پاکستان کے غیرمتزلزل عزم کا اعادہ کیا اور عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں روکنے اور نہتے مسلمانوں کو انصاف کی فراہمی کیلئے فوری مداخلت کرے۔
وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے دنیا بھر اور پاکستان میں مسلمانوں کو عیدالفطر کی مبارکباد دی ہے۔
انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ عیدالفطر بھائی چارے، محبت اور اتحاد کا درس دیتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس مبارک موقع پر ہمیں اپنے کشمیری اور فلسطینی بہن بھائیوں کو نہیں بھولنا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ ہم اُن کے لئے اپنی اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔
چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے عالم اسلام کو عید کی مبارکباد دیتے ہوئے زور دیا ہے کہ وہ اِس پُر مسرت موقع پر فلسطین اور کشمیر کے مظلوم لوگوں کو بھی یاد رکھیں۔
انہوں نے آج ملتان میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے تمام سیاسی جماعتوں پر زور دیا کہ وہ ملک کے استحکام کیلئے مل کر کام کریں۔
چیئرمین سینیٹ نے قومی اتحاد کی اہمیت پر زور دیا کیونکہ یہ ملک کو چیلنجوں سے نکالنے کا واحد ذریعہ ہے۔