Tuesday, 01 April 2025, 08:20:34 pm
 
وزیراعظم اور ترکیہ کے صدر کا دوطرفہ، علاقائی امور پر تبادلہ خیال
March 30, 2025

File Photo

وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان سے ٹیلی فون پر بات چیت کی اور ان کے ساتھ ساتھ ترکیہ کے برادر عوام کو عیدالفطرکے پرمسرت موقع پرمبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔اس سال فروری میں صدر اردوان کے پاکستان کے تاریخی دورے کو یاد کرتے ہوئے وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات میں مثبت پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔انہوں نے اسلام آباد میں اعلیٰ سطح کی تزویراتی تعاون کونسل کے ساتویں اجلاس کے دوران دونوں فریقین کی طرف سے کئے گئے اہم فیصلوں پر بروقت عمل درآمد کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ دونوں ممالک کے درمیان گہرے تاریخی تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے، وزیر اعظم نے کہا کہ یہ بڑے فخر کی بات ہے کہ دونوں ممالک ہمیشہ ایک دوسرے کے شانہ بشانہ رہے ہیں اور دونوں ہی ممالک نے بنیادی مفاد کے مسائل پر ایک دوسرے کا ساتھ دیا۔دونوں رہنماؤں نے علاقائی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔صدر اردوان نے عید الفطر پر نیک خواہشات کا اظہارکرنے پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا اور پاکستانی عوام کے لیے انہی جذبات کا اظہار کیا۔ انہوں نے تمام اہم امور پر پاکستان کے لیے ترکیہ کی مستقل حمایت کا اعادہ کیا۔