Monday, 07 September 2026, 05:07:42 pm
 
جنگ ستمبرساتواں روز: پاک فضائیہ نے دشمن کے 31 طیارے تباہ کرکے اپنی برتری برقرار رکھی
September 07, 2026

جنگ ستمبر 1965 کے ساتویں روز سات ستمبر کو بھارت نے پاکستان کے خلاف جنگ کا دائرہ مشرقی پاکستان تک بڑھانے کی دھمکی دی۔

بھارتی ترجمان نے اعتراف کیا کہ لاہور، سلیمانکی اور فیروزپور کے محاذوں پر بھارتی فوج کے حملے ناکام رہے ہیں اور بھارتی افواج کو ہر محاذ پر بھاری نقصان کا سامنا ہے۔

سات ستمبر کو پاک فضائیہ نے دشمن کے اکتیس طیارے تباہ کیے، جس کے بعد تباہ ہونے والے بھارتی طیاروں کی مجموعی تعداد ترپن ہوگئی۔

صدر ایوب خان نے پاک فضائیہ کی شاندار کارکردگی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ صرف استصواب رائے ہی کشمیر میں پائیدار امن لا سکتا ہے۔

انہوں نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل یو تھانٹ سے بھی مطالبہ کیا کہ کشمیریوں سے کیے گئے وعدے پورے کیے جائیں۔

پاک فوج کے کمانڈر ان چیف جنرل موسی نے ریٹائرڈ فوجی افسران اور سپاہیوں کو ڈیوٹی پر حاضر ہونے کا حکم دیا۔

گورنر مشرقی پاکستان عبدالمنعم خان نے خبردار کیا کہ مشرقی پاکستان کے خلاف بھارتی جارحیت کی صورت میں بھارت کو بدترین نتائج بھگتنا ہوں گے۔

پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل اے آر خان نے بحریہ کے افسران اور جوانوں کے نام اپنے پیغام میں قوم کی توقعات پر پورا اترنے کا عزم ظاہر کیا۔

پاکستان نیوی کے جہاز بابر، خیبر، بدر، جہانگیر، عالمگیر، شاہ جہاں اور ٹیپو سلطان نے دشمن کی بحری نقل و حرکت کو اس کی حدود میں روکے رکھا۔

کشمیر انقلابی کونسل کے ترجمان نے بھی بھارت کو خبردار کیا کہ کشمیری عوام بھارتی عزائم کو ناکام بنا دیں گے۔

جوڑیاں سیکٹر، کشمیر میں شاندار بہادری کا مظاہرہ کرنے پر میجر جنرل اختر حسین کو ہلالِ جرات سے نوازا گیا۔

پاکستان نے سکھ برادری کو یقین دہانی کرائی کہ ان کے مقدس مقامات کی حرمت ہر صورت برقرار رکھی جائے گی۔