Thursday, 08 May 2025, 09:20:54 am
 
بھارتی جارحیت سے 26 بے گناہ شہری شہید، پاک فضائیہ نے 3 رافیل سمیت 5 بھارتی طیارے مار گرائے
May 07, 2025

پاکستان کے اندر بھارتی بلا اشتعال اور کھلم کھلا جارحیت میں چھبیس بے گناہ شہری شہید اور چھیالیس زخمی ہوگئے ہیں۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے تازہ ترین صورتحال کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا بھارت نے ایک مرتبہ پھر بزدلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے رات کی تاریکی میں پاکستان پر حملہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب تک چھ مقامات پر حملے کئے گئے ہیں۔

تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ احمد پور شرقیہ میں ایک مسجد کو نشانہ بنایا گیا جہاں تین سال کی دو بچیوں سمیت تیرہ افراد شہید اور سینتیس زخمی ہوگئے۔

انہوں نے بتایا کہ مظفر آباد میں بھارت نے بلال مسجد کو نشانہ بنایا جہاں تین افراد نے جام شہادت نوش کیا۔ کوٹلی میں مسجد عباس پر حملے میں دو افراد شہید ہوئے جبکہ مریدکے میں ایک مسجد پر حملے میں تین افراد شہید اور ایک زخمی ہوا۔

احمد شریف چودھری نے کہا کہ سیالکوٹ اور شکر گڑھ میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ کنٹرول لائن پر بلا اشتعال بھارتی فائرنگ کے دوران پانچ افراد شہید ہوئے ۔

انہوںنے کہا کہ مساجد اور عبادت گاہوں کو نشانہ بنانا مودی حکومت کے بڑھتے ہوئے ہندوتوا نظریہ کا مظہر ہے۔

احمد شریف چودھری نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے چند ہی لمحوں میں بھارتی جارحیت کا بھرپور اورمنہ توڑ جواب دیا۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل نے تصدیق کی کہ پاکستان نے پانچ بھارتی لڑاکا طیارے مار گرائے ہیں جن میں تین رافیل اور ایک جنگی ڈرون بھی شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ طیارے بھٹنڈا، جموں ، اونتی پور، اکھنور اور سرینگر کے علاقوں میں مار گرائے گئے۔

انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ نے پاکستان پر حملے کے دوران بھارتی جنگی طیاروں کو مار گرایا۔ پاک فضائیہ نے بھارتی طیاروں کو اس وقت گھیرے میں لے لیا جب وہ ہتھیار فائرکررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج دس سے زائد بھارتی طیاروں کو گراسکتی تھی لیکن ہم نے تحمل کا مظاہرہ کیا۔انہوں نے کہا کہ بھارتی طیاروں کو ایک لمحے کے لئے بھی پاکستان کی فضائی حدود میں داخل نہیں ہونے دیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان کا کوئی طیارہ بھارتی فضائی حدود میں داخل نہیں ہوا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارت نے بین الاقوامی اصولوں کی مکمل خلاف ورزی کرتے ہوئے نوشیری ڈیم کے سٹرکچر کو نقصان پہنچایا ہے۔

احمد شریف چودھری نے کہا کہ جب بھارت بزدلانہ اور احمقانہ جارحیت کا ارتکاب کررہا تھا پاکستان کی فضائی حدود میں کئی قومی اور بین الاقوامی پروازیں موجود تھیں اس طرح ہزاروں افراد کی جانوں کو سنگین خطرے سے دو چار کردیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارتی جارحیت کا جواب دے رہا ہے اور دیتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم جنگ کے میدان کی عادی فوج ہیں اور سرحدوں اور مادر وطن کا دفاع کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے کو پسند کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کسی کو پاکستان کی خود مختاری اور سا لمیت پر حملہ نہیں کرنے دیا جائے گا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے ایک مرتبہ پھر ا س امر کوواضح کیا کہ پاکستان نے اپنے دفاع میں جواب دیا ہے تاہم پاکستان حق محفوظ رکھتا ہے اور اپنی پسند اور مرضی کے وقت ، مقام اور طریقے سے اس جارحیت کا جواب د ے گا۔