صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ بھارت کی انتہا پسندانہ حکومت نے جنوبی ایشیا کے پورے خطے کا امن و استحکام خطرے میں ڈال دیا ہے اور اس کے اشتعال انگیز اقدامات کے خطے کو خطرناک نتائج بھگتنا پڑیںگے۔
انہوں نے یہ بات اٹلی کے وزیر داخلہMATTEO PIANTEDOSI سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے اپنے وفد کے ہمراہ آج اسلام آباد میں ان سے ملاقات کی۔
صدر نے اٹلی کے وزیر داخلہ کو بھارت کی پاکستان کے خلاف بلااشتعال فوجی جارحیت کے باے میں بتایا جس میں خواتین‘ بچوں اور بزرگوں سمیت معصوم شہروں کو نشانہ بنایا گیا۔
فریقین نے باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کے طریقوں پربھی تبادلہ خیال کیا۔
صدر نے کہا کہ پاکستان اٹلی کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتاہے اور وہ مختلف شعبوں میں باہمی مفاد پر مبنی تعاون کو مضبوط بنانے کے لئے پرعزم ہے۔