نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے گزشتہ شب بھارتی حملے کے جواب میں انتہائی تحمل کا مظاہرہ کیا جس میں پانچ بھارتی لڑاکا طیارے مار گرائے گئے۔
انہوں نے کہا کہ اس بارے میں واضح ہدایات دی گئی تھیں کہ صرف انہی لڑاکا طیاروں کو نشانہ بنایا جائے جنہوں نے پاکستان میں آتش گیر مادہ گرایا‘بصورت دیگر بھارتی طیاروں کو مزید نقصان ہوتا۔
قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے رات کے اندھیرے میں بھارت کے حملے کو بزدلانہ قرار دیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی انہوں نے کہا کہ خواتین اور بچوں سمیت معصوم بچوں کو نشانہ بنانا انتہائی افسوسناک ہے۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے پاکستان کی بہادر افواج خصوصاً پاک فضائیہ کی تعریف کی جس نے ایک بار پھر بھارتی جارحیت کو فیصلہ کن جواب دیا۔
پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا قوم سیاسی اختلافات بالائے طاق رکھتے ہوئے ملک کے دفاع کیلئے پوری طرح متحد ہے۔
انہوں نے کہا پاکستان بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دے گا جیسا کہ بھارت کے پانچ جنگی طیاروں کو تباہ کیا گیا۔
جمعیت علمائے اسلام ) ف( کے رہنما مولانا عبدالغفور حیدری نے بھارتی جارحیت کا فوری جواب دینے پر مسلح افواج کی تعریف کی انہوں نے کہا بھارت نے جو کرنا تھا کرلیا اب پاکستان جواب دے گا۔
ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما خالد مقبول صدیقی نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے لیکن اگر ہم پر جنگ مسلط کی گئی تو ہم پوری قوت سے لڑیںگے۔