وزیر اعظم محمد شہباز شریف کو ان کے قطری ہم منصب محمد بن عبدالرحمن بن جاسم بن جابر الثانی نے ٹیلیفون کیا جس میں انہوں نے خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
قطر کے وزیراعظم نے بات چیت کے دوران کہاکہ ان کا ملک خطے میں کشیدگی میں کمی لانے کیلئے اپنا کردار ادا کرنا چاہتاہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے اس مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ یکجہتی اور حمایت پر قطر کا شکریہ ادا کیا اور بھارت کی جانب سے پاکستان میں چھ مقامات پر میزائل حملوں کو بلا اشتعال کارروائی قرار دیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی۔
انہوں نے کہا کہ حملے میں کئی مساجد بھی تباہ ہوئیں جس سے جنوبی ایشیاء میں امن و استحکام خطرے میں پڑگیا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ جہاں پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے، وہیں پاکستان اپنی خودمختاری اور علاقائی سا لمیت کا پوری جانفشانی اور طاقت کے ساتھ دفاع کرے گا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پہلگام واقعہ کے بعد، انہوں نے بھارت کے الزامات کی غیر جانبدار اور شفاف بین الاقوامی تحقیقات کی پیشکش کی تھی۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے جارحیت کا خطرناک راستہ چنا‘ یہ اس کے غیر ذمہ دارانہ ریاستی روئیے کی عکاسی کرتا ہے جس سے خطے میں امن اور امان کی صورتحال خراب ہوئی۔