Sunday, 11 May 2025, 09:28:19 pm
 
وزیراعظم کا بھارتی جارحیت کا فیصلہ کن جواب دینے پر مسلح افواج کو خراج تحسین
May 07, 2025

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بھارتی جارحیت کا فیصلہ کن جواب دینے پر پاکستان کی مسلح افواج کو  زبردست خراج تحسین پیش کیا۔

انہوں نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے روایتی دفاعی طریقے سے بھارت کو منہ توڑ جواب دیا ۔

انہوں نے مادر وطن کے دفاع کیلئے ملک کی مسلح افواج کی صلاحیتوں کا اعادہ کیا ۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان روایتی یا ایٹمی جنگی صورتحال میں اپنی جغرافیائی سرحدوں کے تحفظ کی  مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔

وزیراعظم نے کہاکہ گزشتہ رات بھارت کے بزدلانہ حملے کا جواب پاکستان کی بڑی کامیابی ہے جو ملک کی مسلح افواج کے اعلی معیار کی تیاریوں ، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور قربانی کے جذبے کا مظہر ہے ۔

انہوں نے کہاکہ پاک فوج ، بحریہ اور فضائیہ کے درمیان مکمل رابطے کی بدولت پاکستان نے پانچ بھارتی لڑاکا طیاروں کو کامیابی سے مار گرایا ۔

پہلگام واقعے کے حوالے سے شہبازشریف نے پاکستان کے واضح موقف کا اعادہ کیا کہ    اس میں اس کا کوئی ہاتھ نہیں ۔

انہوں نے یاد دلایا کہ پاکستان نے اس واقعے کی تحقیقات کیلئے بین الاقوامی کمیشن تشکیل دینے کی  تجویز دی تھی۔

وزیراعظم نے کہاکہ بھارت جعفر ایکسپریس پر دہشت گردوں کے حملے میں ملوث ہونے سمیت پاکستان میں دہشت گردی کو ہوا دے رہا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ بھارتی حکمرانوں نے جعفرایکسپریس پرحملے کی مذمت کرنا بھی گوارا نہیں کیا۔

شہبازشریف نے قومی اتحاد کی اہمیت پر زوردیتے ہوئے حزب اختلاف اور تمام سیاسی جماعتوں سے کہا کہ وہ ملک کے دشمنوں کوٹھوس پیغام دیں۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان اتحاد سے بڑی کامیابیاں حاصل کرسکتا ہے۔