وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے حکومت کی جانب سے تمام مالیاتی اور متعلقہ شعبوں میں کاروباری سرگرمیوں کا تسلسل یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
انہوں نے آج اسلام آباد میں ویڈیو لنک کے ذریعے ایک ہنگامی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے حالیہ بھارتی جارحیت کے بعد خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیش نظر مالیاتی صورتحال کا جائزہ لیا۔
وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان کا مالیاتی نظام مکمل طور پر محفوظ اور مستحکم ہے، اور تمام متعلقہ ادارے باہمی تعاون سے کام کرتے ہوئے ملکی معیشت کی حفاظت کو یقینی بنا رہے ہیں۔
اجلاس میں موجودہ صورتحال میں ہر قسم کے خطرات، خصوصا سائبر سکیورٹی اور مواصلاتی نظام کے حوالے سے اضافی طور پر محتاط اور چوکس رہنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ اجلاس میں مالیاتی اداروں میں
آپریشنز کے تسلسل، ہم آہنگی اور محفوظ روابط برقرار رکھنے کیلئے متبادل حکمتِ عملیوں کو مضبوط اور مستحکم رکھنے پر زور دیا گیا۔