Sunday, 11 May 2025, 08:55:30 pm
 
مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ضروری ہے، رضوان سعید شیخ
May 08, 2025

امریکہ میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے معروف امریکی ٹی وی چینلز فوکس نیوز اور پی بی ایس کو انٹرویو دیتے ہوئے بھارت کی بزدلانہ کاروائی کے جواب میں حکومت پاکستان کا موقف بھرپور انداز میں پیش کیا اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے مسئلے پر اپنی توجہ مرکوز کرے۔

پاکستانی سفیر کا کہنا تھا کہ پہلگام واقعے کے بعد بھارت نے بغیر کسی ثبوت کے جارحیت کا مظاہرہ کیا، جو کہ لاقانونیت پر مبنی تھا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کی جارحیت کے جواب میں بھرپور دفاعی کارروائی کی ہے اور قومی سلامتی کمیٹی کے اعلامیے میں یہ واضح کیا گیا ہے کہ پاکستان اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت اپنے دفاع کا حق محفوظ رکھتا ہے۔

رضوان سعید شیخ نے مزید کہا کہ پاکستان امن پسند قوم ہے، لیکن ہم اپنی خودمختاری اور وقار کے ساتھ امن چاہتے ہیں۔ انہوں نے عالمی برادری کو یاد دلایا کہ جموں و کشمیر کا مسئلہ ایک متنازعہ مسئلہ ہے اور اس پر توجہ دینے کی ضرورت ہے تاکہ اس کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق نکل سکے۔

سفیرِ پاکستان نے امریکہ کی عالمی طاقت کے طور پر اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو امید ہے کہ امریکہ اور صدر ٹرمپ مسئلہ کشمیر کے حل میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کی 1.6 ارب آبادی اس مسئلے سے متاثر ہورہی ہے، اس لیے اس کا حل انتہائی ضروری ہے۔

پاکستانی سفیر نے اس بات پر زور دیا کہ ہم اپنی مرضی اور اپنے وقت پر جوابی کارروائی کا حق محفوظ رکھتے ہیں، اور عالمی برادری کو بھارت کی جارحیت اور مسئلہ کشمیر پر اپنی ذمہ داری نبھانی چاہیے۔