Thursday, 08 May 2025, 10:21:41 am
 
بھارت نے کنٹرول لائن پر سفید جھنڈا لہرا کر اپنی شکست کا اعتراف کر لیا،وزیراطلاعات
May 07, 2025

وزیراطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ بھارت نے کنٹرول لائن پر سفید جھنڈا لہرا کر اپنی شکست کا اعتراف کر لیا ہے۔

پاک چائنا دوستی مرکز اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے پنجاب اور آزادکشمیر میں شہری علاقوں پر بھارتی میزائل حملوں کے جواب میں پاک فضائیہ کے فوری اور بھرپور ردعمل کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ نے پانچ لڑاکا بھارتی جنگی طیارے اور ڈرونز مار گرائے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے بھارتی جارحیت کا موثر جواب دیا ہے۔

بھارتی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے عطاء اللہ تارڑ نے حملوں میں بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانے کو انتہائی افسوسناک قرار دیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستانی فورسز نے صرف جارحیت میں ملوث بھارتی جنگی طیاروں کو ہدف بنایا۔

ادھر وزیراطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے صحافیوں سے پاکستان کی جوابی کارروائی کے حوالے سے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ بھارتی ذرائع ابلاغ نے اپنے طیارے مار گرانے کو تسلیم کیا ہے اور ان کا ملبہ بھی دکھایا ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہماری فوج نے بھارتی شہریوں کو نہیں بلکہ ان کے جنگی جہازوں کو نشانہ بنایا ہے جو ہماری مسلح افواج کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور مہارت کی عکاسی کرتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے پہلے ہی کہا تھا کہ بھارت کی جانب سے کسی بھی قسم کی جارحیت کا پاکستان پوری قوت سے جواب دے گا۔

وزیر اطلاعات نے کہاکہ وزیراعظم صورتحال کی نگرانی کررہے ہیں اور خطے کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کے لئے آج قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس آج ہورہا ہے۔