Wednesday, 07 October 2026, 03:46:03 am
 
پاکستان نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں آئی ایل او کی شراکت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے: وزیراعظم
October 06, 2026

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان بالخصوص ہنرمند افرادی قوت اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے مفید مواقع پیدا کرنے کے حوالے سے عالمی ادارۂ محنت کے ساتھ اپنی مثبت شراکت داری کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار آئی ایل او کے ڈائریکٹر جنرل گلبرٹ ایف ہونگبو سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، جنہوں نے آج اسلام آباد میں اپنے وفد کے ہمراہ ان سے ملاقات کی۔

وزیراعظم نے عالمی ادارۂ محنت کے ڈائریکٹر جنرل کا پرتپاک خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستان اور آئی ایل او کے درمیان مضبوط تعاون کو سراہا۔

انہوں نے عالمی لیبر مارکیٹ کے معیار کے مطابق پاکستان کی ہنرمند افرادی قوت کی بین الاقوامی سرٹیفکیشن اور پیشہ ورانہ تربیت کے حوالے سے عالمی ادارۂ محنت کی جانب سے مزید سہولت فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ عالمی ادارۂ محنت کے ساتھ مزید مضبوط تعاون اور تعمیری روابط سمیڈا کے اقدامات کو مزید موثر بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

آئی ایل او کے ڈائریکٹر جنرل گلبرٹ ایف ہونگبو نے ملاقات کرنے پر وزیراعظم کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے پاکستان میں حکومت، آجر اور ملازمین کے ساتھ عالمی ادارۂ محنت کے مسلسل تعاون کا اعادہ کرتے ہوئے افرادی قوت کی ہمہ گیر ترقی اور صنعتی پیش رفت کے لیے مشترکہ کاوشیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔