بیرون ملک مقیم پاکستانیوں اور انسانی وسائل کی ترقی کے وزیر چوہدری سالک حسین نے پاکستان کی بڑی فری لانس اور ڈیجیٹل افرادی قوت کو ان کی خدمات پر مناسب تحفظ فراہم کرنے پر زور دیا ہے۔
وہ آج اسلام آباد میں عالمی ادارۂ محنت کے ڈائریکٹر جنرل گلبرٹ ایف ہونگبو سے گفتگو کر رہے تھے۔
وفاقی وزیر کہا کہ پاکستان روزگار کے مواقع بڑھانے، ہنرمندی اور محنت کشوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے عالمی ادارۂ محنت کے ساتھ تعاون مزید بڑھانے کا خواہاں ہے۔
اس موقع پر گلبرٹ ایف ہونگبو نے پا کستانی محنت کشوں کے لیے محنت کی عالمی منڈی میں مواقع بہتر بنانے اور محنت کشوں کے حقوق کے تحفظ اور ان کی فلاح و بہبود یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
ملاقات کے دوران پاکستانی افرادی قوت کو عالمی معیار کے مطابق ہنرمند بنانے اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ تربیت فراہم کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
عالمی ادارۂ محنت نے پاکستانی افرادی قوت کی مہارتوں میں بہتری اور محنت کی عالمی منڈی میں پاکستانی محنت کشوں کے لیے بہتر مواقع پیدا کرنے میں تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔