Wednesday, 07 October 2026, 03:44:51 am
 

مزید خبریں

 
کسی کو احتجاج کی سیاست کے ذریعے ملکی معیشت کو نقصان نہیں پہنچانے دیا جائے گا: وزیراعظم
October 06, 2026

وزیراعظم شہباز شریف نے واضح کیا ہے کہ کسی کو احتجاج کی سیاست کے ذریعے ملکی معیشت کو نقصان نہیں پہنچانے دیا جائے گا۔

انہوں نے آج اسلام آباد میں کشمیر چوک انڈر پاس کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے قانون اپنا راستہ اختیار کرے گا۔

وزیراعظم نے گزشتہ ڈھائی سال کے دوران حاصل کیے گئے ملکی معاشی استحکام کا حوالہ دیتے ہوئے برآمدات اور ترسیلات زر میں اضافے کو اجاگر کیا۔

شہباز شریف نے پی ٹی آئی پر زور دیا کہ وہ اپنا لانگ مارچ ختم کرے اور اگر وہ ایسا کرتی ہے تو حکومت ملک کو آگے لے جانے کے لیے اس کے ساتھ بیٹھنے کو تیار ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی نے باہمی مشاورت کے بعد اجتماعی طور پر فیصلہ کیا تھا کہ پی ٹی آئی سے نیک نیتی کے ساتھ بامعنی اور نتیجہ خیز مذاکرات کیے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی سنجیدگی کے باوجود مذاکرات نتیجہ خیز ثابت نہ ہو سکے۔ انہوں نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ دوسرا فریق مذاکرات کامیاب بنانے پر آمادہ نظر نہیں آیا۔