اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے اقوام متحدہ کے لیے پاکستان کی دیرینہ خدمات، مکالمے کے فروغ، ثالثی اور کشیدگی میں کمی کے لیے اس کی سفارتی کوششوں کو سراہا ہے۔
وہ آج اسلام آباد میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے امریکہ اور ایران کے درمیان قابل اعتماد ثالث کے طور پر پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایک دوسرے سے اختلاف رکھنے والے ممالک کے ساتھ پاکستان کی ساکھ نے دنیا کے خطرناک ترین تنازعات میں سے ایک میں مذاکرات اور کشیدگی میں کمی کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے میں مدد دی۔
انتونیو گوتریس نے کہا کہ پاکستان کی قیادت کی کوششوں سے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت طے پانے، اس کے بعد جنگ بندی اور مستقبل کے مذاکرات کے لیے لائحہ عمل تشکیل دینے میں مدد ملی۔
انتونیو گوتریس نے کہا کہ اقوام متحدہ اصولوں کی پاسداری اور افغان شہریوں کی رضاکارانہ، محفوظ اور باوقار طریقے سے واپسی یقینی بنانے کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔
انتونیو گوتریس نے فلسطینیوں کی مشکلات کے فوری خاتمے اور امن منصوبے پر مکمل عملدرآمد کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اصلاحات پر بھی زور دیا تاکہ اسے زیادہ نمائندگی والا اور معتبر ادارہ بنایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ ایسے میں جب بین الاقوامی قوانین کے بنیادی اصولوں کو خطرات لاحق ہیں بڑی عالمی طاقتوں کو چاہیے کہ وہ متحد ہو جائیں۔
اس موقع پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان کی کوششوں کے نتیجے میں سینتالیس سال بعد امریکہ اور ایران کے درمیان براہ راست مذاکرات ہوئے۔
انہوں نے پاکستان کے کردار کو موثر اور اہم کاوش قرار دیا جو مکمل مساوات، علاقائی سالمیت، عدم مداخلت، حق خود ارادیت اور تنازعات کے پُرامن حل کے اصولوں پر مبنی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے غزہ میں امن کے لیے سفارتی کوششوں کی مسلسل حمایت کی ہے۔
نائب وزیراعظم نے جموں و کشمیر کے حوالے سے پاکستان کے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اس تنازع کے حل کے لیے اقوام متحدہ کے لائحہ عمل اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مسلسل حوالوں کا خیرمقدم کیا۔
انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد یقینی بنائے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر اور فلسطین سے متعلق قراردادوں پر اب تک عملدرآمد نہیں ہوا۔
اس موقع پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے اسلام آباد میں وزارت خارجہ کے احاطے میں پودا بھی لگایا۔