نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف اور چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت قائم تذویراتی سیاسی و دفاعی کمیٹی کے ہنگامی اجلاس میں شرکت کی۔
اجلاس میں ریٹائرڈ لیفٹیننٹ جنرل نعمان محمود کی مکہ اتحاد برائے دفاع کے پہلے سیکرٹری جنرل کے طورپرتقرری کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے مقدس شہروں کو نشانہ بنانے کی کوشش اور سعودی عرب کیخلاف مسلسل حملوں کی شدید مذمت کی گئی۔
پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب نے تازہ ترین علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے علاقائی امن و استحکام کیلئے قریبی تعاون جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔
اجلاس میں پاکستان نے سعودی عرب کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے مملکت کی خودمختاری، علاقائی سا لمیت اور سلامتی کیلئے اپنی مکمل حمایت کا اظہار کیا۔
پاکستان نے خطے میں پائیدار امن و استحکام کے حصول کیلئے ہر ممکن کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔