Sunday, 07 June 2026, 07:28:55 am
 
پاکستان کی بیٹی عائشہ بلوچ کا بڑا کارنامہ، ایشین گیمز ریسلنگ فائنل میں بھارتی حریف کو شکست دے کر گولڈ میڈل جیت لیا
June 06, 2026

پاکستان کی نامور ریسلر عائشہ بلوچ نے ایشین گیمز 2026 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ریسلنگ کے فائنل میں بھارتی حریف کو شکست دے کر گولڈ میڈل اپنے نام کر لیا۔

سری لنکا میں جاری مقابلوں کے دوران عائشہ بلوچ نے پورے ٹورنامنٹ میں بہترین کھیل، عمدہ تکنیک اور غیر معمولی اعتماد کا مظاہرہ کیا، جس کے باعث ایشیا بھر سے آنے والی حریف کھلاڑی ان کا مقابلہ نہ کر سکیں۔

فائنل مقابلے میں پاکستانی ریسلر کی تکنیکی برتری نمایاں رہی اور انہوں نے بھارتی حریف کو فیصلہ کن مقابلے میں شکست دے کر سونے کا تمغہ حاصل کیا۔

کامیابی کے بعد عائشہ بلوچ نے سجد شکر ادا کیا جبکہ وکٹری پوڈیم پر سبز ہلالی پرچم لہرا کر پاکستان کا نام روشن کیا۔

عائشہ بلوچ کی تاریخی کامیابی پر ملک بھر میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ سوشل میڈیا پر ان کی کامیابی سے متعلق تصاویر اور ویڈیوز وائرل ہو گئیں جبکہ عوام نے انہیں زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔

کھیلوں کے مبصرین کے مطابق عائشہ بلوچ کی یہ کامیابی بلوچستان سمیت ملک بھر کی نوجوان لڑکیوں کے لیے حوصلے، عزم اور امید کا ایک روشن پیغام ہے۔