Thursday, 05 November 2026, 09:19:41 pm
 
وزیراعظم شہباز شریف کا سوڈان کے ساتھ دوطرفہ تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار
November 05, 2026

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان سوڈان کے ساتھ بالخصوص تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں دو طرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔

وہ سوڈان کے وزیر داخلہ لیفٹیننٹ جنرل بابیکر سمرا مصطفیٰ علی سے گفتگو کر رہے تھے، جنہوں نے آج اسلام آباد میں ان سے ملاقات کی۔

وزیراعظم نے معزز مہمان کوپاکستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان زراعت، دفاع، تعلیم اور دیگر شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان سوڈان کے ساتھ اپنے دیرینہ اور برادرانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور چاہتا ہے کہ سوڈان موجودہ بحران سے نکل کر ایک پرامن، مستحکم اور خوشحال ملک بنے۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ، اسلامی تعاون تنظیم، جی سیونٹی سیون اور دیگر کثیر الجہتی فورمز پرسوڈان کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

سوڈان کے وزیر داخلہ نے دورے کے دوران پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر وزیراعظم اور حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے مشکل حالات میں سوڈان کے عوام کے لیے پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد اور طبی معاونت پر بھی اظہار تشکر کیا۔

سوڈانی وزیر داخلہ نے سوڈان میں امن و امان کی کوششوں کے حوالے سے بین الاقوامی فورمز پر پاکستان کی حمایت کو بھی سراہا۔

انہوں نے خطے کی امن اور ثالثی کے حوالے سے پاکستان کی کوششوں کی تعریف کی۔