Thursday, 05 November 2026, 09:19:49 pm
 
وزیر اطلاعات کا جعلی خبروں کی روک تھام کے لیے مؤثر نظام وضع کرنے پر زور
November 05, 2026

وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے جعلی اور غیر مصدقہ خبروں کو موجودہ دور کا سب سے بڑا چیلنج قرار دیتے ہوئے معلومات کی اشاعت سے پہلے ان کی تصدیق کے لیے موثرنظام وضع کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

وہ آج اسلام آباد میں پائیدار ترقی کے پالیسی ادارے کے زیر اہتمام انتیسویں پائیدار ترقی کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ جعلی خبروں کا چیلنج ہر شخص کو درپیش ہے، اس لیے ضروری ہے کہ معلومات کی تصدیق کے لیے موثر طریقہ کار اپنایا جائے۔

انہوں نے بتایا کہ وزارت اطلاعات و نشریات نے درست اور مصدقہ معلومات متعلقہ افراد تک پہنچانے کے لیے ڈیجیٹل کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹ قائم کیا ہے۔

عطا اللہ تارڑ نے مصنوعی ذہانت کے مثبت استعمال پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا پر مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ مواد کی نشاندہی کے لیے اے آئی لیبلنگ کرنا اور اس حوالے سے مناسب قانونی اوریگولیٹری نظام بنانا نہایت ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ الیکٹرانک میڈیا کے آغاز کے بعد اس شعبے کے لیے قوانین اور ادارتی نظام وضع کیے گئے۔ اسی طرح سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے لیے بھی موثر ریگولیٹری نظام کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ سائبر جرائم سے نمٹنے کے لیے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی قائم کی گئی ہے، جبکہ ڈیجیٹل شعبے میں جرائم کی روک تھام کے لیے قوانین کو بھی مزید موثربنایا گیا ہے۔

عطا اللہ تارڑ نے آزادی اظہار رائے کے حوالے سے حکومتی موقف واضح کرتے ہوئے کہا کہ آزادی اظہار پر کوئی قدغن نہیں، تاہم اس کی آڑ میں کسی کو دوسروں کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

انہوں نے کہا کہ پیکا ایکٹ کا اطلاق صرف الیکٹرانک جرائم پر ہوتا ہے۔