Thursday, 05 November 2026, 09:19:41 pm
 
وزیراعظم کی ایک ہفتے میں انسدادِ پولیو کی جامع حکمت عملی تیار کرنے کی ہدایت
November 05, 2026

وزیراعظم شہباز شریف نے ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے چاروں صوبوں کی مشاورت سے ایک ہفتے کے اندر جامع اور مشترکہ حکمت عملی تیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

انہوں نے یہ ہدایت آج اسلام آباد میں پولیو کے خاتمے سے متعلق ایک جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دی۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کو پولیو سے پاک کرنا ایک بڑا چیلنج ہے، تاہم قوم کے عزم اور حوصلے کے سامنے یہ چیلنج کوئی حیثیت نہیں رکھتا۔

انہوں نے وفاقی وزیر برائے قومی صحت، وزیر مملکت، وفاقی سیکرٹری صحت اور انسداد پولیو کی ٹیم کو ہدایت کی کہ وہ فوری طور پر چاروں صوبوں کا دورہ کریں اور متعلقہ وزرائے اعلی اور چیف سیکرٹریز سے ملاقاتیں کریں۔

وزیراعظم نے ملک میں پولیو کے حالیہ کیسز پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس بیماری کے خاتمے کے لیے کوششیں تیز کرنے اور حکمت عملی مزید بہتر بنانے پر زور دیا۔

انہوں نے پولیو سے متاثرہ اور زیادہ تشویش کے حامل علاقوں میں بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگانے کی کوریج بڑھانے کی ہدایت کی۔