Saturday, 05 September 2026, 12:00:30 pm
 

مزید خبریں

 
یومِ دفاع و شہدا کے موقع پر پاک فوج کے زیر اہتمام پشاور کے مختلف تعلیمی اداروں میں تقریبات کا سلسلہ جاری
September 05, 2026

یومِ دفاع و شہدا کے موقع پر پاک فوج کے زیر اہتمام پشاور کے مختلف تعلیمی اداروں میں تقریبات کا سلسلہ جاری ہے۔

اس سلسلے میں گورنمنٹ ایمن شہید ہائر سیکنڈری سکول، مدر کیئر مونٹیسوری سکول، گورنمنٹ سنٹینیل ماڈل سکول، سمارٹ ہائی سکول گلبرگ کیمپس اور حیات آباد ماڈل سکول سمیت مختلف تعلیمی اداروں میں خصوصی تقریبات منعقد ہوئیں۔

تقریبات میں طلبہ و طالبات کے مابین ملی نغموں، ٹیبلوز اور تقریری مقابلوں کا انعقاد کیا گیا، جبکہ طلبہ نے ملی جذبے سے بھرپور نغمے اور خوبصورت ٹیبلوز پیش کرکے حاضرین سے داد وصول کی۔

اس موقع پر طلبہ و طالبات نے دفاعِ وطن کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور پاک فوج کے شہدا کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے وطن سے والہانہ محبت کا اظہار کیا۔

پاک فوج کے افسران اور جوانوں نے بھی تقریبات میں شرکت کرکے طلبہ کی حوصلہ افزائی کی۔ طلبہ نے پاک فوج کے جوانوں کے ساتھ مل کر پرچم کشائی کی اور ملک سے اپنی گہری عقیدت و محبت کا اعادہ کیا۔تقریبات کے اختتام پر نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ و طالبات میں انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔