پاکستان نے اقوام متحدہ میں منشیات کے عالمی مسئلے سے نمٹنے کیلئے وسیع سیاسی عزم کی اہمیت پر زور دیا ہے۔
اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل نائب مندوب عثمان جدون نے ان خیالات کا اظہار منشیات کے عالمی مسئلے سے نمٹنے کیلئے متفقہ رائے کے عنوان سے ایک تقریب کے دوران خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹرز میں ہونے والی تقریب کی میزبانی روس، چین، کیوبا، مصر، سنگاپور، پاکستان، ازبکستان اور یو این او ڈی سی مشنز نے مشترکہ طور پر کی۔
عثمان جدون نے کہا کہ عالمی برادری کے ایک ذمہ دار رکن کے طور پر پاکستان منشیات کے عالمی مسئلے سے نبرد آزما ہونے کیلئے ایک جامع قانونی، پالیسی اور انتظامی فریم ورک پر عمل پیرا ہے۔