انسانی ہمدردی کی اعلیٰ مثال قائم کرتے ہوئے طورخم بارڈر کے راستے پاکستان آنے والے 10 روزہ بیمار افغان نومولود بچے کا کامیاب علاج کیا گیا۔
بیمار بچے کو والدین کے ہمراہ طورخم کے راستے پاکستان میں داخلے کی اجازت دی گئی، جس کے بعد اسے فوری طور پر علاج اور خصوصی نگہداشت کے لیے فرنٹیئر کور اسپتال حیات آباد منتقل کیا گیا۔
ماہر ڈاکٹروں کی مسلسل نگرانی اور طبی نگہداشت کے باعث بچے کی حالت خطرے سے باہر آ گئی اور اس کی صحت بحال ہو گئی ہے۔
حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد انسانی ہمدردی کی بنیاد پر نومولود کو بروقت طبی سہولیات فراہم کرنا اور اس کی جان بچانا تھا۔
واضح رہے کہ 2 اگست کو جلال آباد سے تعلق رکھنے والے افغان خاندان کو اپنے بیمار نومولود بچے کے علاج کے لیے طورخم بارڈر کے راستے پاکستان میں داخلے کی اجازت دی گئی تھی۔
حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان نے ہمیشہ انسانی جانوں کے تحفظ اور مشکل حالات میں انسانیت کی خدمت کی اپنی روایت کو برقرار رکھا ہے۔