Monday, 06 July 2026, 12:50:29 am
 
ممتاز پاکستانی ہارمونیم نواز ماسٹر محمد صادق پنڈی والے کی برسی
July 05, 2026

آج ممتاز پاکستانی ہارمونیم نواز، موسیقار اور استادِ موسیقی ماسٹر محمد صادق پنڈی والے کی انتالیسویں برسی منائی گئی۔

ماسٹر محمد صادق 1923 میں راولپنڈی میں پیدا ہوئے۔ موسیقی کا ابتدائی ذوق انہیں اپنے خاندانی ماحول سے ملا۔ انہوں نے اپنے والد استاد نادر علی اور اپنے تایا استاد فیروز خاں نشی خاں والے، جو اپنے عہد کے معروف طبلہ نواز تھے، سے طبلہ نوازی کی تربیت حاصل کی۔ بعد ازاں انہوں نے گجرات کے میاں نبی بخش کالرے والے اور استاد کرم الٰہی ربابی سے موسیقی کی باقاعدہ تعلیم حاصل کی۔

اگرچہ انہوں نے اپنے فنی سفر کا آغاز طبلہ نوازی سے کیا، تاہم بعد ازاں ہارمونیم نوازی کو اپنا مستقل میدان بنایا اور اسی فن میں ان کی شناخت قائم ہوئی۔ وہ پاکستان کے واحد ہارمونیم نواز تھے جن کے سولو ہارمونیم پر مشتمل انسٹرومینٹل کیسٹ باقاعدہ طور پر جاری ہوئی، جو اس دور میں ایک منفرد اعزاز تھا۔

ماسٹر محمد صادق کے فن کو مختلف قومی اداروں نے بھی محفوظ کیا۔ لوک ورثہ اور پاکستان ٹیلی وژن نے ان کی زندگی اور فن پر دستاویزی فلمیں تیار کیں، جبکہ ان کا تقریباً آدھے گھنٹے پر مشتمل تاریخی سولو ہارمونیم ریکارڈ آج بھی ریڈیو پاکستان کے آواز خزانے میں محفوظ ہے، جو پاکستان میں ہارمونیم نوازی کی محفوظ شدہ نادر ریکارڈنگز میں شمار ہوتا ہے۔

ماسٹر صادق نے متعدد فنکاروں کی تربیت بھی کی۔ ان کے نمایاں شاگردوں میں معروف گلوکارہ مالا اور ان کی بہن شمیم نازلی شامل ہیں، جنہوں نے بعد ازاں فلمی اور غیر فلمی موسیقی میں اپنی شناخت قائم کی۔

ماسٹر محمد صادق پنڈی والے 5 جولائی 1987 کو راولپنڈی میں انتقال کرگئے۔ انہیں راولپنڈی کے قبرستان ڈھوک الٰہی بخش میں سپردِ خاک کیا گیا۔ ان کا نام پاکستان میں ہارمونیم نوازی کی روایت کے اہم اساتذہ میں شمار کیا جاتا ہے اور ان کی ریکارڈنگز آج بھی ملکی موسیقی کے تاریخی ریکارڈ کا حصہ ہیں۔