پاکستان کے اندر دہشت گردی کی کارروائیوں میں بھارتی فوج اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کے ملوث ہونے کے شواہد سامنے آئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق جہلم سے گرفتار دہشتگرد مجید کے موبائل فون اور ڈرون فرانزک کے بعدناقابل تردید شواہد سامنے آئے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ دہشتگرد مجید بھارتی فوج کے آ فیسرز اور ہینڈلرز کیساتھ رابطے میں تھا۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ دہشتگرد مجید آئی ای ڈیز نصب کرنے کے بدلے بھارتی فوج سے رقم وصول کر رہا تھا۔
دہشتگرد مجید اور بھارتی فوجی افسران کے درمیان واٹس ایپ چیٹ سے ہوشربا انکشافات بھی سامنے آئے ہیں۔ اس گفتگو میں بھارتی ہینڈلرز دہشتگرد مجید سے کہہ رہے ہیں کہ وہ پاکستان میں شہریوں کی لاشیں چاہتے ہیں۔
بھارتی ہینڈلرز دہشتگرد مجید کو بم بنانے کے طریقے پر مشتمل ویڈیوز بھی بھیجتے رہے ہیں ۔
دفاعی تجزیہ کاروں نے کہا ہے کہ دہشتگرد مجید اور بھارتی فوجی ہینڈلرز کے درمیان یہ آڈیو گفتگو ثبوت ہے کہ بھارت پاکستان میں دہشتگردی پھیلاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت دہشتگردی پھیلانے کیلئے بھاری فنڈنگ بھی فراہم کرتا ہے اور دہشتگردوں کو بلوچستان اور دیگر صوبوں میں کارروائیوں کیلئے تربیت بھی دے رہا ہے۔
دفاعی ماہرین نے کہا کہ ان شواہد کے بعد یہ ضروری ہے کہ عالمی سطح پر بھارت کا نام فیٹف میں شامل کیا جائے۔