خیبرپختونخوا اسمبلی کو بتایا گیا ہے کہ صوبے میں اس وقت بارہ سو سے زائد صنعتی یونٹس کام کر رہے ہیں۔
ایوان میں وقفہ سوالات کے دوران ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیر اعلی کے معاون خصوصی برائے صنعت عبدالکریم نے بتایا کہ دو سو اٹھارہ صنعتی یونٹ مختلف وجوہات کی بنا پر بند ہیں جبکہ تین سو چھیاسٹھ نئے صنعتی یونٹس پر کام جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت عوام کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے تجارت اور مینوفیکچرنگ سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے صنعتوں کے قیام کے عمل میں نرمی کر رہی ہے۔
ایک پوائنٹ آف آرڈر سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر تعلیم فیصل خان تراکئی نے کہا کہ حکومت خیبر پختونخوا کے نئے ضم ہونے والے اضلاع میں معیاری تعلیم کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے اراکین اسمبلی سے کہا کہ وہ انضمام شدہ اضلاع میں ان تمام علاقوں کی نشاندہی کریں جہاں اب بھی سہولیات ناپید ہیں۔
وزیر تعلیم نے کہا کہ محکمہ تعلیم نے پورے خیبرپختونخوا میں میٹرک کے امتحانات کا انعقاد شفاف طریقے سے کیا ہے۔
بعد ازاں سپیکر نے اجلاس ملتوی کر دیا۔