Monday, 05 May 2025, 08:09:28 pm
 
پاکستان کی امن کی خواہش کوکمزوری نہ سمجھا جائے، عطاء اللہ تارڑ
May 05, 2025

وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے دو ٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ بھارت کی کسی بھی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

لائن آف کنٹرول کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔

عطاء اللہ تارڑ نے آزاد کشمیر میں دہشت گردوں کے مبینہ کیمپوں کے بھارتی الزامات کو سختی سے مسترد کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن سٹیٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی ملک نے آج تک دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 90 ہزار جانوں کی قربانی نہیں دی۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ بھارتی بحریہ کا افسر کلبھوشن یادیو دہشت گردی کی سرگرمیوں میں ملوث تھا اور ہماری حراست میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ جعفر ایکسپریس کا واقعہ دنیا کے سنگین واقعات میں سے ایک ہے، بھارتی میڈیا نے جعفر ایکسپریس واقعے پر جشن منایا۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارتی میڈیا دہشت گردوں سے جعفر ایکسپریس واقعہ کی فوٹیج حاصل کر کے چلاتا رہا۔

عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ امریکہ اور کینیڈا میں سکھوں کے قتل میں بھارت ملوث ہے۔