Monday, 05 May 2025, 08:10:50 pm
 
بھارت کے پہلگام واقعے کے پس پردہ گھناؤنے عزائم بے نقاب کردیئے،اسحاق ڈار
May 05, 2025

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان نے بھارت کے پہلگام واقعے کے پس پردہ گھناؤنے عزائم کو بے نقاب کردیا ہے۔

نائب وزیراعظم نے آج (پیر) اسلام آباد میں انسٹی ٹیوٹ آف ریجنل اسٹڈیز کے زیراہتمام ریجنل ڈائیلاگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل نمائندے کو ہدایت کی ہے کہ وہ دونوں ملکوں کے درمیان حالیہ کشیدگی کے حوالے سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس بلانے کی درخواست کریں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان سکیورٹی کونسل کے اراکین کو حقائق سے آگاہ کرے گا۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ بھارت کی طرف سے گزشتہ چند ہفتوں سے زائد عرصے میں کئے گئے سیاسی نوعیت اور انتہائی اشتعال انگیز اقدامات کے علاوہ بے بنیاد الزامات علاقائی و بین الاقوامی امن و سلامتی کیلئے سنگین خطرے کا باعث ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پہلگام کا واقعہ بھارت کے داخلی چیلنجوں' ریاستی سرپرستی میں کی جانے والی دہشتگردی اور بھارت کے غیر قانونی زیرقبضہ جموں وکشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے توجہ ہٹانے اور داخلی سیاسی مقاصد حاصل کرنے کی کوشش ہے۔

نائب وزیراعظم نے واضح طور پر کہا کہ پاکستان بھرپور طریقے سے اپنی خودمختاری اور علاقائی یکجہتی کا دفاع کرے گا۔